نئی دہلی، 5/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کو سنبھلنے سے روکے جانے کے بعد بی جے پی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے تخریبی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور آئین کی توہین کرنے میں مصروف ہیں۔ کھرگے نے مزید کہا کہ اس نے پلیسز آف ورشپ ایکٹ کو پامال کر دیا ہے، جو مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے بنایا گیا تھا۔
ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’بی جے پی-آر ایس ایس اپنے تخریبی ایجنڈے سے آئین کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کو سنبھل جانے اور متاثرہ کنبوں سے ملنے دینے سے روکنا اسی بات کو ثابت کرتا ہے۔‘‘ کانگریس صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا واحد مقصد دو طبقات میں نفرت پیدا کرنا ہے۔
اپنے پوسٹ میں کھرگے نے واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’دو طبقات میں نفرت پیدا کرنا ہی بی جے پی-آر ایس ایس کا واحد نظریہ ہے۔ اس کے لیے انھوں نے نہ صرف آئین سے پاس پلیسز آف ورشپ ایکٹ کو تار تار کیا، بلکہ اب وہ اپنے نفرت کے بازار کی شاخوں کو ہر جگہ کھولنے پر آمادہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’کانگریس پارٹی خیر سگالی، امن، بھائی چارہ و محبت کی دکان کھولتی چلی جائے گی، اور تنوع میں اتحاد کے طرز پر سماج کو متحد رکھے گی۔ ہم جھکیں گے نہیں، پیچھے ہٹیں گے نہیں۔‘‘
واضح رہے کہ سنبھل تشدد کے متاثرین سے بدھ کو ملاقات کرنے جا رہے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو یوپی پولیس نے حکم امتناع نافذ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی-غازی پور سرحد پر ہی روک دیا۔ راہل گاندھی نے اسے بطور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اپنے خصوصی اختیارات کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پولیس اور کانگریس کارکنان کے درمیان طویل بحث کے بعد بھی بات نہیں بننے پر راہل تقریباً دو گھنٹے بعد دہلی واپس لوٹ گئے۔